حکومت نے کسانوں کا ٹیوب ویلوں کے متعلق مطالبہ تسلیم کر لیا
اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت نے کسانوں کا ٹیوب ویلوں کے متعلق مطالبہ تسلیم کر لیا۔ ٹیوب ویلوں کے بجلی کنکشن دس اکتوبر تک منقطع نہیں کیے جائیں گے۔
کسان اتحاد کے ایک وفد نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کے ساتھ مذاکرات کیے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے کسانوں کا ابتدائی طور پر ٹیوب ویل کا مطالبہ منظور جبکہ دیگر مطالبات بھی جلد منظور کیے جانے کی یقین دہانی کروائی گئی تاہم کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے نوٹفکیشن پر مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔
دھرنے میں موجود کسانوں کا کہنا ہے کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے۔ ہمیں کوئی جلدی نہیں۔ اپنا حق لے کر یہاں سے اٹھیں گے۔ دھرنے کے شرکاء کھلے آسمان تلے موجود ہیں۔ ریڈ زون میں جانے سے روکنے اور سیکورٹی کیلئے پولیس کی نفری بھی تعینات ہے۔