Saturday, September 21, 2024

ڈیلی میل نے وزیراعظم شہباز شریف کے حوالے سے خبر شائع کرنے پر معذرت کرلی

ڈیلی میل نے وزیراعظم شہباز شریف کے حوالے سے خبر شائع کرنے پر معذرت کرلی
December 8, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - برطانوی اخبار ڈیلی میل نے جھوٹی خبر شائع کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف سے معافی مانگ لی۔ برطانوی جریدے ڈیلی میل کی انتظامیہ کی طرف سے وضاحت جاری کر دی گئی۔

برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سے کلین چٹ ملنے کے بعد معروف جریدے ڈیلی میل نے بھی اپنی خبر پر وزیراعظم شہباز شریف معافی مانگ لی۔ ڈیلی میل نے الزام لگایا تھا کہ شریف خاندان نے زلزلہ زدگان کے فنڈ میں خرد برد کی۔برطانوی اخبارکے مطابق قومی احتساب بیورو نے شہباز شریف سے متعلق تحقیقات کی اطلاع دی تھی۔ نیب نے یہ بھی تجویز کیا تھا کہ چوری شدہ رقم میں ڈی ایف آئی ڈی کی سیلاب زدگان کیلئے گرانٹ بھی شامل تھی۔

اخبار کا کہنا ہے کہ تسلیم کرتے ہیں شہباز شریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا، شہباز شریف سے معذرت خواہ ہیں۔برطانوی اخبار نے ڈیوڈ روز کی خبر ویب سائٹ سے ہٹا دی، جبکہ معافی نامہ بھی ویب سائٹ پر لگا دیا۔

شہباز شریف اور ان کے داماد علی عمران یوسف نے ڈیوڈ روز کے سنگین الزامات پر اخبار کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔مضمون میں الزام لگایا گیا تھا پاکستان کے عوام کے لئے برطانوی امدادی رقم کا شہباز شریف اور علی عمران یوسف نے غبن کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ڈیلی میل کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف سے معافی مانگنے کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء نے کہا بدنیتی پر مبنی ایک اور پروپیگنڈا بے نقاب ہوچکا، وزیراعظم شہباز شریف انٹرنیشنل صادق و امین ہیں۔