Tuesday, April 30, 2024

دولت مشترکہ ممالک کو نوجوانوں کی ترقی کیلئے ڈیجیٹل طریقے اپنانا ہونگے، وزیراعظم شہباز شریف

دولت مشترکہ ممالک کو نوجوانوں کی ترقی کیلئے ڈیجیٹل طریقے اپنانا ہونگے، وزیراعظم شہباز شریف
June 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دولت مشترکہ ممالک کو نوجوانوں کی ترقی کیلئے ڈیجیٹل طریقے اپنانا ہونگے۔

ہفتہ کے روز روانڈا میں دولت مشترکہ اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب میں اُنہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ اجلاس سے خطاب میرے لیے اعزاز ہے، دولت مشترکہ کے رکن ممالک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے اور دولت مشترکہ کے نوجوانوں میں خواندگی اور ہنر کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل تبدیلی کو اختراعی، پائیدار اور جامع ترقی کے حصول کی کلید قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان آئندہ سال جنوری میں اسلام آباد میں دولت مشترکہ کے نوجوانوں کے اُمور کے وزراء کی 10 ویں کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔

انہوں نے دولت مشترکہ کے تمام ممالک کے وزراء کو پاکستان کے تنوع اور خوبصورتی کو دیکھنے کی دعوت دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خارجہ کے اجلاس کی میزبانی کرنے پر روانڈا کے صدر پال کاگامے کو مبارکباد پیش کی اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ کثیرالجہتی فورم کی مشترکہ اقدار اور دولت مشترکہ کی خواہشات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔