Saturday, September 21, 2024

دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی اسکوپ کی تعمیر کا آغاز، 2028 میں مکمل ہوگی

دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی اسکوپ کی تعمیر کا آغاز، 2028 میں مکمل ہوگی
December 11, 2022 ویب ڈیسک

پارکیز/ آسٹریلیا (92 نیوز) - دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی اسکوپ کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا۔

کائنات کے اسرار جاننے کیلئے یہ ٹیلی اسکوپ 50 میگا ہرٹز سے لے کر 25 گیگا ہرٹز تک فریکوئنسی رینج میں کام کریگی جس سے اربوں نوری سال کے فاصلے سے آنے والے بہت ہی ہلکے ریڈیو سگنلز کا پتہ لگا یا جاسکے گا۔

انسان میں شروع سے کائنات کے بارے میں جاننے کا تجسس موجود ہے اور مسلسل اس کے اسرار کو جاننے کی کوشش کرتا آرہا ہے، کیا زندگی صرف زمین پر ہی موجود ہے یا کائنات کے کسی اور کونے میں بھی ہو سکتی ہے، اور اگر کسی سیارے پر زندگی موجود ہے تو کیا وہ بھی ہمیں ریڈیو سگنلز کی مدد سے ڈھونڈنے کی کوشش کررہے ہونگے، جیسے ہم کررہے ہیں، اسی نوعیت کے بے شمار سوالات کے جوابات تلاش کرنا اس ٹیلی اسکوپ کا مقصد ہے۔

اکیسویں صدی کے عظیم سائنسی منصوبوں میں سے ایک، دنیا کی سب سے طاقتور اور بڑی ریڈیو ٹیلی اسکوپ کی تعمیر مغربی آسٹریلیا میں کی جارہی ہے، اس کا دوسرا حصہ جنوبی افریقہ میں تعمیر ہورہا ہے، اسکوائر کلومیٹر ایرے۔

2028 میں مکمل ہونے پر دنیا کی سب سے بڑی ریڈیو ٹیلی اسکوپ ہوگی۔ ایک ارب 55 کروڑ ڈالر کے اس منصوبے کی فنڈنگ 8 ممالک کی قیادت میں 16 ممالک کرینگے جبکہ ٹیلی سکوپ کے آپریشنز کیلئے پہلی دہائی میں 83 کروڑ ڈالر درکار ہونگے، ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ 31 ہزار انٹینا اور 200 "ڈشز" اس ٹیلی سکوپ کا حصہ ہونگی، یہ ٹیلی سکوپ 50 سال تک ماہرین فلکیات کی رہنمائی کر سکے گی۔