Saturday, September 21, 2024

چودھری سالک حسین کی نواز شریف سے ملاقات، چودھری شجاعت حسین کا خصوصی پیغام پہنچایا

چودھری سالک حسین کی نواز شریف سے ملاقات، چودھری شجاعت حسین کا خصوصی پیغام پہنچایا
December 11, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کی لندن میں نوازشریف سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں انہوں نے چودھری شجاعت حسین کا خصوصی پیغام پہنچایا۔

وزیر سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین کی نواز شریف سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات میں چوہدری سالک حسین نے چوہدری شجاعت حسین کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ نواز شریف نے کہا کہ چوہدری شجاعت زیرک سیاستدان ہیں ان کا بہت احترام کرتا ہوں۔ پرویز الٰہی نے ماضی میں جو کیا اس پر افسوس ہے۔ پنجاب اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانے کے لیے چوہدری شجاعت اور آصف زرداری کی تجاویز پر غور کریں گے۔ پرویز الٰہی اسمبلی تحلیل نہ کرنے سے متعلق پہلے واضح موقف اختیار کریں۔

چوہدری سالک کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اسمبلی تحلیل نہ ہونے کی صورت میں مستعفی ہو جائے گی۔ اگر پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل کرنے سے انکار کیا تو تحریک انصاف خود ان کے خلاف عدم اعتماد بھی لا سکتی ہے۔ ایسے میں ہمیں پرویز الٰہی کا ساتھ دینے کے حوالے سے فیصلہ کرنا چاہیے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے تمام تجاویز پر پی ڈی ایم کے سینیر قائدین سے مشاورت کا یقین دلایا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کو وزیر اعلی برقرار رکھنے سے متعلق اب آصف زرداری اور چوہدری شجاعت پس پردہ کردار ادا کر رہے ہیں۔ ن لیگ تحریک انصاف کی پالیسی واضح ہونے کے بعد اپنا پلان سامنے لائے گی۔