Saturday, September 21, 2024

برطانوی صحافی نے عمران خان کے کہنے پر خبر شائع کی، مریم اورنگزیب

برطانوی صحافی نے عمران خان کے کہنے پر خبر شائع کی، مریم اورنگزیب
December 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کہتی ہیں برطانوی صحافی نے عمران خان کے کہنے پر خبر شائع کی۔

ہفتہ کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ڈیوڈ روز کو پاکستان بلا کر شہبازشریف کے خلاف منصوبہ بنایا گیا، بے بنیاد الزامات لگائے گئے، کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، یہ سیاسی جماعت نہیں پراپیگنڈا گروہ ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں سیاسی مخالفین کے خلاف جعلی مقدمات کے اندراج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدالتوں میں الزامات ثابت نہیں کر سکے کیونکہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین شور و غوغا کا سہارا لے کر توشہ خانہ کیس سمیت اپنی کرپشن سے توجہ نہیں ہٹا سکتے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت اور ارادہ ہے۔ حکومت کی تمام تر توجہ معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف صوبائی اسمبلیاں تحلیل نہیں کرے گی۔ آئین کے مطابق آئندہ سال اکتوبر میں عام انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن میں عوام کا فیصلہ قبول کریں گے۔