Tuesday, April 30, 2024

اسمبلیوں کی تحلیل کا معاملہ، وزیراعظم شہباز شریف کی چودھری شجاعت سے ملاقات

اسمبلیوں کی تحلیل کا معاملہ، وزیراعظم شہباز شریف کی چودھری شجاعت سے ملاقات
December 18, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کی چودھری شجاعت سے ملاقات ہوئی۔

چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں توڑنے کے معاملے پر حکومتی حلقوں میں ہلچل ،چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں۔ وزیراعظم شہبازشریف کے اعلی سطح پر رابطے اور مشاورتی عمل جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے  نواز شریف اور اتحادی راہنماؤں سے رابطہ کرلیا۔ اتحادی قائدین سے موجودہ صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی۔ وزیراعظم نے پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے یا انھیں اعتماد کا ووٹ لینے کےلیے کہنے بارے پارٹی اراکین کی رائے سے آگاہ کیا۔ ن لیگ کی اکثریت پرویز الٰہی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک نمبرز پورے ہونے کی صورت میں لانے کی حامی ہے۔

نوازشریف کا کہنا ہے کہ عمران خان اور پرویز الہی کو خود پنجاب اسمبلی توڑنے دی جائے۔ یہ آپس کی لڑائی میں ایکسپوز ہوں گے۔ نواز شریف نے چوہدری شجاعت کے لیے خصوصی پیغام بھی بھجوایا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پرویز الہی عمران خان کی وکٹ پر کھیل رہے ہیں۔

آصف علی زرادری کا کہنا تھا کہ پنجاب کی صورتحال کو ایسے نہیں چھوڑ سکتے، ہمیں جلد متفقہ فیصلے لینا ہونگے۔ حکومتی اتحادیوں نے معاملے پر مشاورتی عمل جاری رکھنے اور جلد پی ڈی ایم کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا۔