Tuesday, April 30, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے راستوں کی بندش پر درخواست تحریک انصاف کے جلسے کی اجازت کے کیس سے یکجا کر دی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے راستوں کی بندش پر درخواست تحریک انصاف کے جلسے کی اجازت کے کیس سے یکجا کر دی
November 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائیکورٹ نے راستوں کی بندش سے متعلق تاجروں کی درخواست کو تحریک انصاف کے جلسے کی اجازت سے متعلق کیس کے ساتھ یکجا کر دیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے مقامی تاجروں کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ کنٹینرز کو راستوں میں کھڑا کیا گیا ہے جس سے مشکلات ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ دھرنے اور جلسے کے این او سی کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست بھی زیر التوا ہے۔ اس درخواست کو بھی اس کے ساتھ سنا جائے۔ ایڈیشنل اٹارنی بولے قانونی رائے کے لیے وزارت قانون کو لکھا ہے جس پرچیف جسٹس نے کہا اس طرح کی چیزوں میں فوری ایکشن لینا ہوتا ہے۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ہائی ویز اور موٹرویز پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں جس پر چیف جسٹس بولے ہائی ویز اور موٹرویز کو بند کر دیں گے تو ٹریڈ بھی متاثر ہو گی۔ یہ کسی کو حق نہیں ہے کہ وہ کہہ دے کہ موٹروے پر دھرنا دیگا اور کھڑا ہو جائے۔

چیف جسٹس نے  مزید ریمارکس  دئیے کہ اسلام آباد میں ڈپلومیٹک موومنٹ بھی متاثر ہوتی ہے۔ جو جلسہ کرنا چاہ رہے ہیں ان کا حق ہے مگر عام شہریوں کے حقوق متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔ ہائی ویز اور موٹرویز پر کنٹرول فیڈریشن کا ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ فیڈریشن اس سے متعلق ڈائریکشن دے سکتی ہے۔

عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔