Saturday, September 21, 2024

ارشد شریف اپنے خلاف درج مقدمات کی وجہ سے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے، رپورٹ میں انکشاف

ارشد شریف اپنے خلاف درج مقدمات کی وجہ سے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے، رپورٹ میں انکشاف
December 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ارشد شریف اپنے خلاف درج مقدمات کی وجہ سے ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ انکے خلاف 16 مقدمات درج کئے گئے۔

592 صفحات پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ارشد شریف کو ایک منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔ مقدمات کی وجہ سے صحافی کو پاکستان چھوڑنے اور پھر بعد میں دبئی سے بھی نکلنے پر مجبور کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، کینیا کے چار جی ایس او پولیس افسران اور جی ایس یو ٹریننگ کیمپ کو کسی دباو یا پھر مالی معاونت کے تحت استعمال کیا گیا۔ کینیا پولیس نے تحقیقات میں کوئی معاونت نہیں کی، تاہم کیس میں کئی غیرملکی کرداروں کا کردار اہمیت کا حامل قرار دے دیا گیا۔  

فیکٹ فائنڈٖنگ کے مطابق ارشد شریف کے کینیا میں میزبان خرم اور وقار کا کردار اہم اور مزید تحقیق طلب ہے۔ وقار احمد کمیٹی کے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے جبکہ وقار کا تعلق کینیا کی انٹیلی جنس سمیت کئی بین الاقوامی ایجنیسوں سے ہے۔ گاڑی چلانے والے خرم، کینیا کے پولیس افسران کے بیانات بھی تضاد سے بھرپور ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ارشد شریف کو کمر پر بھی گولی ماری گٸی تاہم سیٹ پر گولی کا کوئی نشان نہیں جو واقعہ کو مشتبہ بناتی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے اس تاثر کو بھی تقویت ملتی ہے کہ قتل سے پہلے ارشد شریف کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

فیکٹ فائنڈنگ میں بتایا گیا ہے کہ ارشد شریف کو کس نے دھکمیاں دیں کوئی ثبوت نہ مل سکا، انکے خلاف پاکستان میں16 مقدمات درج کیے گئے اور صرف 3 مدعیان ہی پیش ہو سکے۔ ایک ایک دن میں تین تین ایف آئی آر درج کی گئی، خدشہ ہے ایف آئی اے کے اندراج میں قانونی طریقوں کو پورا نہیں کیا گیا۔

فیصل واوڈا نے بھی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو نہ شواہد دئیے اور نہ ہی بیان جمع کرایا۔ فیکٹ فائنڈنگ کا زیادہ تر حصہ لوگوں سے کیےگئے انٹرویو پر مشتمل ہے۔ ارشد شریف قتل کیس میں زیر استعمال گاڑی، نقشہ جات، کرائم سین کی جائزہ رپورٹ قتل کیس میں استعمال اسلحہ، بیلسٹک رپورٹ، ارشد شریف کے موبائیل فون، ڈیوائسز،  واٹس ایپ اور ای میل کی جائزہ بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔