Tuesday, April 30, 2024

الیکشن کراؤ، عوام کو فیصلہ کرنے دو، امریکا واشنگٹن نے فیصلہ نہیں کرنا، عمران خان

الیکشن کراؤ، عوام کو فیصلہ کرنے دو، امریکا واشنگٹن نے فیصلہ نہیں کرنا، عمران خان
May 6, 2022 ویب ڈیسک

میانوالی (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ الیکشن کراؤ، عوام کو فیصلہ کرنے دو، امریکا واشنگٹن نے فیصلہ نہیں کرنا۔

جمعہ کے روز میانوالی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ یہاں کے میر صادق اور میر جعفر نے منتخب حکومت گرائی، چیری بلاسم کہتا ہے امریکیوں کی غلامی کرنا پڑے گی، تم غلام ہو قوم غلام نہیں ہے، کوئی کنٹینر، نہ اٹھارہ افراد کا قاتل رانا ثناء عوام کو روک سکے گا۔ امریکا نے ہمارے سفیر کو واشنگٹن میں بلا کر کہا عمران خان کو ہٹاؤ ورنہ تمہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا میانوالی میں عوام کا سمندر دیکھ کراللہ کا شکرادا کرتا ہوں، اللہ کا شکرادا کرتا ہوں کہ قوم میں شعور پیدا کیا، قوم کو بیدار کیا۔ میانوالی کے لوگ وہ ہیں جب مجھے کسی نے بھی ووٹ نہیں دیا تھا تو آپ مجھے جتوا کر اسمبلی میں لے کر گئے، جسے میں کبھی نہیں بھولوں گا۔ جب تک زندہ ہوں میانوالی کے لوگوں کو یاد رکھوں گا۔ کہا کہ آج میانوالی سے حقیقی آزادی تحریک کا آغاز کررہا ہوں، قوم کو تیار کررہا ہوں، قوم کو اسلام آباد کی کال دوں گا، 20 مئی کے بعد کسی دن بھی قوم کو کال دے سکتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ جب یہ ڈاکو مجھے نیازی کہتے ہیں تو میں شکر ادا کرتا ہوں کہ مجھے نیازی کہتے ہیں، جب تک یہ چور جیلوں میں نہیں جاتے عمران خان جہاد کرتا رہے گا۔ یہ فیصلہ کن وقت ہے، یہ 30 سال سے لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف جہاد ہے۔ انسانوں کا سمندر جب اسلام آباد آئے گا تو صرف الیکشن چاہے گا، ہم کسی بھی امپورٹیڈ حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔

عمران خان بولے کہ یہ حکومت امریکی مراسلے پر کمیشن بنانے جارہی ہے، امریکا سے سازش شروع ہوئی اور یہاں کے میرجعفر اور میرصادقوں نے مل کر منتخب حکومت کو گرایا۔ چیری بلاسم کہتا ہے امریکیوں کی غلامی کرنا پڑے گی، تم غلام ہو قوم غلام نہیں ہے، ہم صرف اوپر والے کی غلامی کرتے ہیں۔ یہ ہم پر ہیں کہ اقبال کے شاہین بننا ہے یا ان گھٹیا لوگوں کی طرح بوٹ پالش کرنا ہے، قائداعظم محمد علی جناح غلام ہندوستان میں آزاد انسان تھے۔ آج ساری قوم ایک ہی بات کہتی ہے کہ دوستی سب سے کریں گے غلامی کسی کی نہیں کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں دو باتوں پر غصہ ہے، امریکا نے ہمارے سفیر کو واشنگٹن میں بلا کر کہا عمران خان کو ہٹاؤ ورنہ تمہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، اگر عمران خان کو ہٹا دیا چیری بلاسم جیسے غلام کو لے آئے تو ہم تمہیں معاف کردیں گے۔ امریکا ہمیں تمہاری معافی کی ضرورت نہیں ہم آزاد قوم ہیں۔ ہماری عظیم قوم زرداری، نوازشریف، شہبازشریف جیسے چوروں کی غلامی نہیں کرے گی۔ ہم کسی صورت ان چوروں کو اپنے اوپر مسلط نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے مجھ پر ایف آئی آر کٹوائی، بے شرم، جھوٹے لوگو، میں تمہیں چیلنج کرتا ہوں، تم دنیا میں جہاں مرضی چلے جاؤ ایک ہی آواز آئے گی کہ چور اور غدار۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کل انہوں نے تحریک انصاف کے کارکن شہبازگل پر موٹروے پر حملہ کروایا، شہبازشریف وہ شخص ہے جس نے سب سے زیادہ پولیس مقابلوں میں لوگوں کو مروایا، کان کھول کر سن لو میرے اگر کسی بھی کارکن کو تم نے ہاتھ لگایا تو تم تینوں چوہوں اور تمہارے آلہ کاروں کو بھی ذمہ دار ٹھہرائیں گے۔ امریکا کے غلام چیری بلاسم سن لو، تم نے میرے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کٹوائی، راشد شریف کو ایئرپورٹ سے پکڑ کر جیل میں ڈالا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں لوٹوں اور پیسوں کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی، شرم آنی چاہئے لوگوں نے اپنے ضمیر بیچ کر بیرونی سازش کو کامیاب کرایا۔ اپنی عدالتوں سے پوچھتا ہوں کہ اس پر آپ کو سوموٹو ایکشن نہیں لینا چاہئے تھا۔ یورپ میں اپنے ضمیر کا سودا کرنے والا اپنی شکل نہیں دکھا سکتا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہماری عدالتیں اگر رات کے بارہ بجے کھل سکتی ہیں تو ان چوروں کو کیوں نااہل نہیں کیا جاتا؟ قوم سے کہتا ہوں یہ لوٹے کسی بھی علاقے میں الیکشن مہم کے لیے آئیں تو آپ نے ان کا بندوبست کرنا ہے۔ آپ نے ان کا وہ حشر کرنا ہے کہ منتخب نمائندے ساری زندگی اپنا ووٹ بیچتے ہوئے ڈریں۔ اللہ نے آپ کو نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی، نیوٹرل صرف جانور ہوتا ہے، انسان نہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں انسانوں کا سمندر آنے والا ہے، تاریخ میں کبھی اتنا بڑا انسانوں کا سمندر نہیں آیا ہوگا۔ ہمارے اوپر ڈاکوؤں کا پلندا بیٹھا ہے یہ سمجھتا ہے قوم تھک جائے گی، ابھی تو قوم تیاری کررہی ہے، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ 26 سال میانوالی میں سیاست کی، آج تک میانوالی میں اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ کو پیغام دیتا ہوں کہ اگر آپ اسی طرح کرتے رہے تو پھر جو کچھ ہوگا اس کے ذمہ دار آپ ہوں گے، نیا پاکستان کا ترانہ بنانے پر عطااللہ عیسیٰ خیلوی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میانوالی کے جو لوگ اسلام آباد نہ آسکیں وہ میری کال پر میانوالی میں ضرور احتجاج کریں۔