Saturday, September 21, 2024

الیکشن کمیشن توہین کیس: عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو آئندہ سماعت پر پیش ہونیکی ہدایت

الیکشن کمیشن توہین کیس: عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو آئندہ سماعت پر پیش ہونیکی ہدایت
December 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے اپنی توہین کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔

ممبر خیبرپختونخوا نے استفسار کیا کہ عمران خان بیمار ہیں تو باقی لوگ کیوں پیش نہیں ہوئے؟جس پر وکیل انور منصور نے کہا کہ مناسب ہوگا سب کا کیس ایک ساتھ ہی چلایا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان اور فواد چودھری کے شوکاز معطل کر رکھے ہیں۔ ایڈووکیٹ فیصل چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی اپیل پر تحریری فیصلہ نہیں آیا۔ مناسب ہوگا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے دیا جائے۔

ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ شوکاز نوٹس کمیشن کے بینچ نے جاری کیا تھا۔ سیکرٹری نے نہیں۔ اگر کمیشن غلطی کرتا ہے تو ہائیکورٹ سے آپکو ریلیف مل جائے گا۔

ممبر سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار تو ٹھیک ہے لیکن فریقین پیش کیوں نہیں ہو رہے۔ توہین کسی کی ذات کی نہیں کمیشن کی بطور ادارہ ہوئی جس پر ایڈووکیٹ فیصل چوہدری بولے فواد چودھری کوبخار اورفلو ہے، وہ پیش نہیں ہوسکتے، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے رہا ہوں۔ پورا یقین ہے کہ کمیشن انصاف کرے گا۔

ممبر پنجاب نے استفسار کیا کہ اسد عمر نے عدالت میں معافی مانگی تو یہاں کیوں نہیں آتے؟ کمیشن آ کر بھی کہہ دیں کہ یہ نہیں کہنا چاہتے تھے، اصل چیز ملک ہے وہ ہے تو ہم سب ہیں جس پر وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ آپ کا پیغام پہنچا دوں گا۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آئندہ سال تین جنوری تک ملتوی کردی۔