Saturday, September 21, 2024

کار سرکار مداخلت کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع

کار سرکار مداخلت کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع
December 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار مداخلت کے کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع کردی گئی۔

کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کی۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور سابق وزیر اعظم کی حاضری سے آج استثنیٰ کی درخواست کی۔

وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان لاہور میں ہیں پیش نہیں ہو سکیں گے، اس لیے آج حاضری سے استثنیٰ کی اجازت دی جائے، عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان نے کہا کہ انتقام لینے کے لیے عمران خان پر کیسز بنائے گئے ہیں۔ موجودہ حکومت کا مقصد صرف عمران خان کو نااہل کرنا ہے۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں صرف ساڑھے تین سال عمران خان کے ہیں، باقی دیگر جماعتوں نے حکمرانی کی۔ ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لیے عمران خان نئے الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ توشہ خانہ کے بچے پیدا کیے جا رہے ہیں۔