Saturday, September 21, 2024

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ، ووٹنگ کا آغاز ہو گیا

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ، ووٹنگ کا آغاز ہو گیا
December 8, 2022 ویب ڈیسک

مظفر آباد (92 نیوز) - آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اورآخری مرحلے کے سلسلے میں ووٹنگ کا آغاز ہو گیا۔

پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔ آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے سلسلے میں میرپور ڈویژن میں پولنگ جاری ہے۔ میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کے وارڈز، میونسپل کمیٹی، ٹاؤن کمیٹی، ضلع کونسل اور یونین کونسل کی نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔

میرپور ڈویژن بھر میں مرد ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 55 ہزار 550 ہے، خواتین ووٹرز کی کل تعداد 5 لاکھ 82 ہزار 499 ہے۔ ڈویژن میں مجموعی طور پر ایک ہزار 70 نشستوں پر انتخاب ہو گا۔ ضلع میرپور میں ایک ہزار، 24، بھمبر میں ایک ہزار، 102 اور کوٹلی میں 2ہزار، 131امیدوار میدان میں ہیں۔

الیکشن کیلئے 2ہزار، 188 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جبکہ 10ہزار، 469 پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔