Tuesday, April 30, 2024

آسٹریلوی عدالت کا جوکووچ کو آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کرنے کا حکم

آسٹریلوی عدالت کا جوکووچ کو آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کرنے کا حکم
January 16, 2022 ویب ڈیسک

میلبرن (92 نیوز) سربین ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کو ریلیف نہ مل سکا، آسٹریلوی عدالت نے ٹینس اسٹار جوکووچ کو آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیدیا۔ 

دفاعی چیمپئن سربین ٹینس اسٹار نواک جوکووچ آسٹریلین اوپن سے باہر ہو گئے، آسٹریلوی فیڈرل کورٹ نے جوکووچ کی ویزا بحالی کی درخواست مسترد کر دی۔

عدالت نے آسٹریلین حکومت کے سربین ٹینس اسٹار کے ویزا کو منسوخ کرنے کے فیصلے کو برقرا ر رکھا اور آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیا۔

بغیر کورونا ویکسین لگوائے آسٹریلیا پہنچنے پر آسٹریلوی حکومت نے ٹینس اسٹار کا ویزا منسوخ کیا تھا جس کے بعد جوکووچ نے عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔

تین دن بعد آسٹریلوی امیگریشن وزیر نے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے جوکووچ کا دوبارہ ویزا منسوخ کر دیا اور سربین پلیئر نے دوبارہ عدالت میں اپیل دائر کی لیکن وہ مسترد ہوگئی۔

جوکووچ پر 3 سال تک آسٹریلیا میں داخلے پر پابندی لگنے کا بھی امکان ہے، سربین پلیئر آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہونے تک حراست میں رہیں گے۔