ہائیکورٹ نے پولیس میں کنٹریکٹ پر بھرتی ہونے والے ریٹائرڈ فوجیوں کی مستقلی سے متعلق آئی جی کو دو ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی
لاہور(92نیوز) ہائی کورٹ نے پولیس میں کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے سابق فوجیوں کو مستقل نہ کرنے کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے آئی جی پنجاب کو کنٹریکٹ پولیس اہلکاروں کی عرضداشت پردوماہ میں فیصلہ کرنے کاحکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فیصل زمان خان نے ریٹائرڈ فوجیوں کی درخواست پر سماعت کی جس میں پنجاب پولیس کے سولہ سو کانسٹیبلان نے کنٹریکٹ ختم ہونے پر نوکری سے برخاست کر نے کے اقدام کو چیلنج کیا تھا۔
درخواست گزاروں کی جانب سے بتایاگیاکہ دوہزار تین میں پانچ سال کے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا تاہم اب کنٹریکٹ ختم ہونے پر انہیں مرحلہ وار نوکریوں سے برطرف کرکے ان کی جگہ من پسند افراد کو بھرتی کیا جارہا ہے۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملازمین کو مستقل کرنے کا معاملہ کمیٹی کے سپرد ہے جو مستقل کرنے کی منظوری دے گی جس پر عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے آئی جی پنجاب کو دوماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔