Thursday, September 19, 2024

کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک بار پھر قہر ڈھاتی گرمی کی پیشگوئی

کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک بار پھر قہر ڈھاتی گرمی کی پیشگوئی
April 3, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر قہر ڈھاتی گرمی کا اشارہ دیدیا ہے جس سے بچائو کیلئے حکومتی دعوے بھی سامنے آ گئے ہیں جن کی حقیقت وقت آنے پر ہی سامنے آئے  گی۔ گزشتہ سال کراچی میں گرمی نے جو قہر ڈھایا اس کی مثال نہیں ملتی۔ ہزار سے زائد اموات نے حکومت کو بھی  خواب غفلت سے جگایا اور انہیں سخت اقدامات پر مجبور کیا تھا۔ اس سال پھر محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی پیش گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس مئی کا مہینہ معمول سے زیادہ گرم رہے گا۔ مئی میں درجہ حرارت 40 سے اوپر جانے کا امکان ہے۔ جون کے پہلے ہفتے میں ہیٹ اسٹروک کا خدشتہ موجود رہے گا جبکہ رواں ماہ بھی شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سال حکومت کو بروقت اقدامات کر لینے چاہیئیں۔ دوسری جانب مشیروزیراعلیٰ سندھ عبدالقیوم سومروکا کہنا ہے کہ حکومت نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی تیاریاں کر لی ہیں جبکہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے سنٹرز قائم کئے جا رہے ہیں۔ حکومتی دعوئوں کی حقیقت تو وقت آنے پر ہی سامنے  آئیگی لیکن کے الیکٹرک نے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان سے کوئی امید نہ رکھی جائے۔