Thursday, September 19, 2024

کراچی بدامنی کیس : سپریم کورٹ نے آئی جی سندھ کی رپورٹ مسترد کر دی

کراچی بدامنی کیس : سپریم کورٹ نے آئی جی سندھ کی رپورٹ مسترد کر دی
March 8, 2016
کراچی (92نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی بدامنی کیس میں آئی جی سندھ کی رپورٹ ایک بارپھرمسترد کر دی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ رپورٹ کاغذ کے ٹکڑے کے سوا کچھ نہیں‘ حقائق بتائے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت ہوئی توآئی جی سندھ نے رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال ٹارگٹ کلنگ کے ایک سو انسٹھ واقعات ہوئے جن میں سے تیراسی مقدمات درج ہوئے‘ تریپن ملزموں کو گرفتارکیا گیا اور پچیس مقدمات کی تفتیش کی جا رہی ہے جس پر جسٹس امیرہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ آپ کی رپورٹ محض کاغذ کا ٹکڑا ہے‘ لگتا ہے آپ حقائق بتانا نہیں چاہتے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ عدالتی ریمارکس مناسب نہیں۔ جواب میں جسٹس امیرہانی مسلم نے ریمارکس دیے کہ آپ کی کارکردگی پر یہ ریمارکس مناسب ہیں۔ آپ کوتحفظات ہیں توایک درخواست دیں‘ بنچ نے ٹارگٹ کلنگ کے زیر التوا ستاون مقدمات کی تفصیلات جمعرات تک جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ دوران سماعت حکومت سندھ کی جانب سے پیرول پر رہا افراد کی فہرست پیش کی گئی۔ بتایا گیا کہ اغوا برائے تاوان اور دہشت گردی میں عمرقید کی سزا پانے والے دو ملزموں کو چھوڑا گیا جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اغوا ‘دہشت گردی اور سنگین مقدمات میں سزایافتہ ملزموں کو پیرول پر رہا نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے سال دو ہزار بارہ سے اب تک پیرول پر رہا ہونے والوں کی فہرست بھی طلب کر لی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اداروں کا ٹکراو¿ ختم کیا جائے‘ قیام امن کیلئے تمام ادارے ملکر کام کریں۔ محکمہ پولیس میں کوئی بھی غلط کام ہو گا تو آئی جی سندھ سے جواب طلب کیا جائےگا۔ عدالت نے کیس کی سماعت دس مارچ تک ملتوی کر دی۔