Saturday, September 21, 2024

چین کا روبوٹک خلائی جہاز چاند پر اتر گیا ، ناسا نے مشن کی کامیابی پر چین کو مبارکباد دی

چین کا روبوٹک خلائی جہاز چاند پر اتر گیا ، ناسا نے مشن کی کامیابی پر چین کو مبارکباد دی
December 2, 2020

خلا کو تسخیر کرنے کے مشن میں  چین کو ایک اور کامیابی مل گئی، چین کا چینگ فائیو مشن چاند کی سطح پر صحیح سلامت اتر گیا ۔ 8.2ٹن وزنی خلائی جہاز وینچنگ خلائی اڈے سے 24 نومبر کو  روانہ ہوا تھا یہ اتوار کو چاند پر پہنچا  پھر چاند کے مدار میں گردش کرتے ہوئے دو حصوں میں تقسیم ہوگیا، جن میں سے ایک مدار میں گردش کرتا رہے گا جبکہ چاند گاڑی والا حصہ چاند کی سطح پر اتر گیا ہے۔

چاند گاڑی کیمروں، سپیکٹرو میٹر، ریڈار سمیت بہت سے آلات سے لیس ہے اور آئندہ چند روز چاند پر ہی گزارے گی، اس دوران مٹی اور پتھروں کے نمونے اکٹھے کئے جائیں گے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا نے چینگ فائیو مشن کی کامیابی پر چین کو مبارکباد دی ہے، ناسا کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ چینی خلائی مشن کے بھیجے گئے نمونوں سے عالمی تحقیقاتی برادری کو چاند کی ساخت کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع ملے گا۔

چین کے چینگ فائیو مشن سے قبل بھی دو مشن چاند کی سطح پر اترنے میں کامیاب ہوچکے ہیں، جن میں 2013 کا چینگ تھری مشن اور 2019 کا چینگ فور مشن شامل ہیں۔