پی ایس ایل تھری کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم خوشی سے نہال
کراچی (92 نیوز) پاکستان میں کرکٹ کی بحالی پر شہر قائد میں بھی روشنیاں لوٹ آئیں ۔ پی ایس ایل تھری کے کامیاب انعقاد پر پوری قوم خوشی سے نہال ۔ صدر وزیراعظم اور آرمی چیف کی طرف سے قوم کومبارکبادیں ملنے لگیں ۔
صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پی ایس ایل فائنل جیتنے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا ۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے ۔ تماشائی بہت منظم تھے، انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی جذبے کوئی ہرا نہیں سکتا ۔
ادھر تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کو مبارکباد دی اور عمدہ کھیل پیش کرنے پر پشاور زلمی کو شاباش دی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی کرکٹ سے وابستگی غیرمعمولی ہے، امید کرتا ہوں کہ انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہو گی ۔
پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف ، گورنرسندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی و دیگر شخصیات نے بھی مبارکباد پیش کی ۔