Friday, September 20, 2024

پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے 26.67 فیصد حصص کے حصول کی درخواست منظور

پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے 26.67 فیصد حصص کے حصول کی درخواست منظور
March 3, 2016
کراچی (92نیوز) سی سی پی نے پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی کی پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے چھبیس اعشاریہ چھ سات فیصد تک کے حصص کے حصول کی درخواست منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان نے ایک آرڈر جاری کرتے ہوئے کمپی ٹیشن ایکٹ 2010ءکے سیکشن 31 اور 11 کے تحت پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ کی پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے چھبیس اعشاریہ چھ سات فیصد تک کے حصص کے حصول کی درخواست منظور کر لی ہے۔ سی سی پی کو ہیسکول پٹرولیم کی طرف سے بھی ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس میں اس مجوزہ حصول کے متعلق اعترا ضات اٹھا ئے گئے تھے۔ سی سی پی نے اس شکایت کو نمٹاتے ہوئے اس مرجر کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ سی سی پی کے مطابق پی ایس او کی جانب سے پی آر ایل کے حصص کا حصول مارکیٹ میں کمپی ٹیشن کو کم نہیں کرے گا۔ مقامی ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات کی مارکیٹ میں پی آر ایل کا شےئر تقریباَََ دس فیصد ہے اور پی آر ایل کو شامل کر کے مقا می ریفائنریز پاکستان میں ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات کی کل طلب کا پچاس فیصد سے کم سپلائی کرتی ہیں جب کہ بقیہ طلب کو آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی جانب سے درآمدات کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے۔ اس تنا ظر میں ہیسکول کے خدشات کہ پی ایس او ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات کی پی آر ایل سے مدمقابل کمپنیوں کو سپلائی روک سکتا ہے، حقیقی نہیں ہیں۔ مزیدبرآں پٹرولیم انڈسٹری کو اوگرا مکمل طور پر ریگو لیٹ کر رہی ہے۔