Thursday, September 19, 2024

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ کل کھیلا جائے گا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ  کل کھیلا جائے گا
December 3, 2018
دبئی (92 نیوز) پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ کل ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔ شاہین ایک بار پھر کیویز پر جھپٹنے کے لیے تیار ہے۔ گرین کیپس نے بلیک کیپس کیخلاف سیریز جیتنے پر نظریں جما لیں۔ قومی ٹیم کو فیصلہ کن ٹیسٹ سے پہلا  بڑا دھچکا بھی لگ گیا۔ قومی فاسٹ باؤلر محمد عباس انجری کے باعث تیسرے ٹیسٹ سے آؤٹ ہو گئے۔ انجرڈ محمد عباس کی جگہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کیپ دیے جانے کا امکان ہے۔ باؤلنگ کے شعبے میں  پاکستان کی تمام امیدیں یاسر شاہ  سے وابستہ ہوں گی۔  اسٹار اسپنر نے دوسرے ٹیسٹ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے کیویز کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ یاسر شاہ نے دوسرے ٹیسٹ میں چودہ وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ قومی اسپنر نے تیز ترین 200 وکٹیں لینے کے ریکارڈ پر بھی  نظریں مرکوز کر لیں۔ قومی اسپنر کو یہ اعزاز اپنے نام کرنے کے لیے پانچ وکٹیں درکار ہیں۔ بیٹنگ میں بابراعظم اور حارث سہیل پاکستان کے اہم ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اظہر علی اور محمد حفیظ کا بلا چل گیا تو سیریز بلیک کیپس کے ہاتھوں  سے نکل سکتی ہے۔ دوسری طرف کیوی اسپنر اعجاز پٹیل قومی ٹیم کے لیے مشکل حریف ثابت ہو سکتے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ  میں سرفرازالیون نے  نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ،ایک سے برابر کر دی تھی۔