Thursday, September 19, 2024

پاکستانی سکیورٹی ٹیم کا دورہ بھارت مکمل‘ شائقین کرکٹ مثبت اعلان کے منتظر

پاکستانی سکیورٹی ٹیم کا دورہ بھارت مکمل‘ شائقین کرکٹ مثبت اعلان کے منتظر
March 8, 2016
لاہور (92نیوز) بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی ٹیم نے دھرم شالا میں پاک بھارت میچ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کر دیا۔ بھارتی حکام نے پاکستان کومکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان انیس مارچ کو دھرم شالا میں ہونے والے میچ کے حوالے سے بھارتی حکام نے پاکستان کی سکیورٹی ٹیم کو مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان نے بھی دھرم شالا میں انتظامات کے حوالے سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔ اس سے پہلے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی ٹیم کو دھرم شالا کے میچ کے حوالے سے خدشات ہیں۔ بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا میچ انیس مارچ کو دھرم شالا میں ہوناہے لیکن بھارتی انتہاپسندوں کی طرف سے دھمکیوں اور ہماچل پردیش حکومت کی طرف سے میزبانی سے انکار کے بعد میچ کے انعقاد پر بے یقینی کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ دوسری طرف یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ سکیورٹی ٹیم کی ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو موصول ہو گئی ہے جس میں دھرم شالا میں سکیورٹی انتظامات کا ذکر موجود ہے تاہم بھارتی حکام کو دورے سے متعلق تاحال کوئی سگنل نہیں دیا گیا۔