Thursday, September 19, 2024

ویسٹ انڈیز نے تمام طرز کی کرکٹ کے ورلڈکپ جیت کر تہلکہ مچا دیا

ویسٹ انڈیز نے تمام طرز کی کرکٹ کے ورلڈکپ جیت کر تہلکہ مچا دیا
April 3, 2016
کولکتہ (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز نے کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا۔ پہلے انڈر 19 کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن بنا اور آج خواتین کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد مردوں کا ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ بھی اپنی جھولی میں ڈال لیا۔ تفصیلات کے مطابق آج کا دن ویسٹ انڈیز کیلئے خوش قسمت ترین دن کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔ ویسٹ انڈیز نے ورلڈ ویمن ٹی ٹوینٹی اور ورلڈ ٹی ٹوینٹی دونوں میں اپنی مہارت کے خوب جوہر دکھائے اور کرکٹ کا عالمی تاج اپنے سر پر سجایا۔ آج جب انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا میچ شروع ہوا تو اس سے قبل ہی کرکٹ کے مبصرین کالی آندھی کی جیت کی پیشگوئی کر رہے تھے۔ انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے نو وکٹوں پر 155 رنز بنائے۔ جے روٹ 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انہوں نے سات چوکوں سے مزین اننگ کھیلی۔ ان کے علاوہ بٹلر نے 36 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔ ویسٹ انڈین باﺅلرز بدری نے 2‘ براوو نے تین‘ براتھ وائٹ نے تین جبکہ رسل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کو ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر مارلن سیمولز کی استقامت نے ویسٹ انڈیز کو ہدف کا تعاقب آسان بنا دیا۔ مارلن سیموئلز نے 2چھکوں‘ 9چوکوں کی مدد سے 85رنز بنائے۔ میچ میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ویسٹ انڈیز کو آخری اوور میں 21 رنز درکار تھے مگر آج کا میلہ ویسٹ انڈیز کھلاڑی براتھ وائٹ نے لوٹ لیا۔ انہوں نے آخری اوور کی پہلی چار گیندوں پر بین سٹوکس کو لگاتار چار چھکے مار کر اس بات کا ثبوت دیدیا کہ ویسٹ انڈیز ہی ورلڈ ٹی ٹوینٹی جیتنے کا حقدار تھا۔