Saturday, September 21, 2024

وفاقی کابینہ کی کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین خریدنے کی منظوری

وفاقی کابینہ کی کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین خریدنے کی منظوری
December 2, 2020

وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین خریدنے کیلئے گرین سگنل دے دیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر مختص کرنے کی بھی توثیق کردی ، ویکسین کے  استعمال کی اولین ترجیح کوویڈ کے علاج میں مصروف طبی عملہ ہوگا ، اس کے بعد عمر کی وجہ سے جن کو زیادہ خطرات ہیں، پھر دیگر طبی عملہ اور بعد میں عوام کا نمبر ہوگا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کہتے ہیں ویکسین کی منظوری کے لیے 7 نکات کا خیال رکھا گیا اور اس کے تحت مختلف کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ، عالمی اداروں کے ساتھ باقاعدہ ابتدائی گفتگو بھی شروع ہوگئی ، توقع ہے کہ 2021 کی پہلی سہ ماہی میں اس کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔

ذرائع این ایچ کہتے ہیں پاکستان ابتدائی طور پر ایک کروڑ ویکیسن خریدے گا، امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور برطانیہ کی دوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکا بھی رجسٹریشن کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ایک شخص کو کورونا ویکسین کی دو خوارکیں دی جائیں گی۔

فائزر کی جانب سے تیار کردہ ویکیسن کی فی خوراک قیمت 20 ڈالر جبکہ آسٹرا زینیکا کی فی خوارک قیمت 4 ڈالر کے قریب ہے۔ تاہم، ایڈوانس بکنگ اور بات چیت کے دوران قیمتوں کو کم کرایا جاسکتا ہے۔ بائیو ٹیکنالوجی پلانٹ نہ ہونے کے باعث پاکستان میں ویکیسن کی تیاری نہیں ہوسکتی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکیسن کے ٹرائل بھی آخری مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں  اور ابتک 7 ہزار رضاکاروں پر ٹرائل کیا جاچکا ہے، تاہم، ان رضا کاروں کو ویکیسن کی دوسری خوارک دی جانا باقی ہے۔ ویکسین کے ٹرائل کیلئے ابتک 10 ہزار  رضا کار رجسٹریشن کراچکے ہیں۔