Thursday, September 19, 2024

وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس

وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس
April 8, 2015
اسلام آباد(ویب ڈٰیسک)وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کااجلاس، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارکیٹیں رات 8 بجے شادی ہال رات 10 بجے اور ریسٹورنٹ رات 11بجے بند کرنے کا فیصلہ، وزیراعظم نے وزیراعلی پنجاب پر زور دیا ہے کہ وہ پنجاب میں ان فیصلوں پر عملدرآمد کرائیں تاکہ دیگر صوبے بھی اس کی تقلید کریں۔ وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے کابینہ کی توانائی کمیٹی کے بارہویں اجلاس میں وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلی شہباز شریف سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے وزیرپانی بجلی اور متعلقہ وزراء کو ہدایت کی کہ وہ وزرائے اعلی کو توانائی کی بچت کے اقدامات پر بریفنگ دیں جس کے تحت دکانیں ، شادی ہال اور ریسٹورنٹس جلدی بند کیے جائیں۔ عوام میں بھی اس بارے آگاہی پیدا کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات سے بجلی کی بڑے پیمانے پر بچت ہو گی ۔ اجلاس میں وزیراعظم نے وزارت پانی اور بجلی کو ہدایت کی وہ ایل این جی منصوبوں کی طے شدہ وقت میں تکمیل یقینی بنائے۔ اجلاس کو بتایا کہ پہلا ایل این جی ٹرمینل قائم ہوچکا جبکہ دوسرا اگلے ماہ تیار ہوجائے گا۔ پاکستانی کمپنیاں ان پلانٹس پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔ شمال جنوب گیارہ سو کلومیٹر پائپ لائن2017میں مکمل ہوگی۔3600میگاواٹ بجلی کے منصوبے ڈیڈلائن کے مطابق مکمل کیے جائیں ۔ وزیراعظم نے سیکرٹری پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی خود نگرانی کریں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی ایس او اوروزارت پانی بجلی کے مابین واجبات کا معاملہ حل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے ، وزارت پٹرولیم، وزارت پانی اور بجلی اس پر وزارت خزانہ سے بھی مشاورت کریں ۔ اجلاس میں صنعتوں کو فراہم کی جانے والی بجلی کے آڈٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ کم بجلی استعمال کرنے والے برقی آلات  تیار کیے جائیں۔