نیپرا نے بجلی قیمتوں میں رد و بدل کی منظوری دیدی
اسلام آباد ( 92نیوز ) نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دے دی، پانچ ماہ کیلئے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے26 پیسے فی یونٹ اضافہ منظور کر لیا گیا ۔ صارفین کو30 ارب روپے اضافی اداکرنا ہوں گے۔ نیپرا نے تین ماہ کیلئے 3 روپے10 پیسے فی یونٹ کمی کی بھی منظوری دے دی۔ کراچی والوں پربجلی کی قیمت میں اضافے کا بوجھ ٹل گیا۔
مہنگائی کی پسی ہوئی عوام پر بجلی بم گرا دیا گیا ، نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دے دی ، نومبر2019 کیلئے 98 پیسے ، دسمبر2019 کیلئے 1 روپے 88 پیسے ، جنوری 2020 کیلئے 93 پیسے، فروری کیلئے 39 پیسے اورمارچ کیلئے 6 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔
بجلی کی قیمتوں میں 5 ماہ کا اضافہ اگست کے بلوں پرلاگوہوگا ، اگست میں صارفین 30 ارب روپے اضافی ادا کریں گے۔
نیپرا نے اپریل کےمہینے کیلئے 68 پیسے ، مئی کیلئے 1 اروپے 17 پیسے اورجون کیلئے 1 روپے 24 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ، بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق ستمبرکے بلوں پرہوگا۔
ستمبرمیں صارفین کو35 ارب روپے کا ریلیف ملے گا ، 300 یونٹ استعمال کرنےوالے اورزرعی صارفین ریلیف سے محروم رہیں گے ، قیمتوں میں اضافےاورکمی کا اطلاق حکومتی نوٹیفکیشن کےبعد ہوگا۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کی دستاویزات کی سکروٹنی کا بھی فیصلہ کرلیا ، اسکروٹنی کے بعد کے الیکٹرک کی بجلی قیمتوں میں اضافہ کی درخواست پردوبارہ سماعت ہوگی۔
نیپرا کےمطابق کے الیکٹرک نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 188 ارب روپے سے زائد مانگے تھے ، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی ردوبدل کی درخواست کی گئی۔