نیب کراچی نےمحکمہ بلدیات سے تمام ریکارڈ حاصل کرنے کیلئے خط لکھ دیا
کراچی ( 92 نیوز) سندھ میں 35 ارب روپے منی لانڈرنگ کا کیس پہلے سے زیرتفتیش ہے ، اسی دران بلدیاتی اداروں میں منی لانڈرنگ کا اسکینڈل سامنے آگیا جس کے بعد نیب نے محکمہ بلدیات سے تمام ریکارڈ حاصل کرنے کیلئے خط لکھ دیا ۔
سندھ میں منی لانڈرنگ کا دوسرا اسکینڈل سامنے آگیا ، بلدیاتی اداروں کے افسران پر اربوں روپے منی لانڈرنگ کا الزام ہے ، نیب نے تمام ٹی ایم اوز اور دیگر بلدیاتی اداروں کے افسران کیخلاف تحقیقات شروع کردیں ۔
نیب ذرائع کے مطابق رقم جعلی بھرتیوں میں رشوت، ترقیاتی اورغیرترقیاتی فنڈز میں کرپشن سے حاصل کی گئی تھی، جسے منی لانڈرنگ کے ذریعے مُلک سے باہر بھیجا گیا ۔
نیب نے محکمہ بلدیات کے ماتحت اداروں سے ریکارڈ طلب کرلیا اور اس سلسلے میں محکمہ بلدیات کو خط بھی لکھ دیا ہے ، نیب نے منی لانڈرنگ تحقیقات میں محکمہ بلدیات کو ایک افسر بطور فوکل پرسن مقرر کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے ۔