Thursday, September 19, 2024

نون لیگی گورنر آتے ہی عمران خان نے بھی مفاہمت کا راستہ پکڑ لیا

نون لیگی گورنر آتے ہی عمران خان نے بھی مفاہمت کا راستہ پکڑ لیا
March 8, 2016
پشاور (92نیوز) مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف دھرنے دینے والے کپتان نے بھی مصالحت کی سیاست شروع کر دی۔ وہ پشاور آئے تو نئے گورنر سے ملاقات کی اور عہد وپیما بھی کئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مصالحت کی سیاست کا آغاز کیا تو پاکستان تحریک انصاف نے بھی دو قدم آگے بڑھائے۔ وفاق نے چند روز قبل خیبرپختونخوا کو بجلی کے خالص منافع کی مد میں 70ارب روپے کے بقایا جات کی ادائیگی کا معاہدہ کیا۔ صرف یہی نہیں بلکہ سی پیک کے معاملے پر بھی صوبے کے مطالبہ پر مغربی روٹ پر کام فوری شروع کرنے اور اسے 2018ءتک مکمل کرنے سے متعلق کے پی حکومت کی شرط مان لی۔ اب عمران خان پشاور آئے تو وزیراعلیٰ ہاو¿س سے قبل گورنر ہاوس جانے کو ترجیح دی۔ گورنر ہاو¿س آمد کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عمران خان نے نہ صر ف گورنر کو نیا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی بلکہ دونوں نے ایک ساتھ چلنے کے وعدے بھی کئے اور صوبے کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ گورنراقبال ظفر جھگڑا پاکستان مسلم لیگ اورتحریک انصاف کو مزید قریب لانے میں کیا کردار ادا کرتے ہیں۔