Friday, September 20, 2024

نواز شریف پارٹی صدارت کیلئے نا اہل، کلثوم نواز یا شہباز شریف کا نام زیر غور

نواز شریف پارٹی صدارت کیلئے نا اہل، کلثوم نواز یا شہباز شریف کا نام زیر غور
February 22, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) نواز شریف کی پارٹی صدارت کیلئے نا اہلی کے معاملے میں کلثوم نواز یا شہباز شریف کا نام زیر غور آنے لگا ۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت پنجاب ہاوس اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا ۔
ذرائع کےمطابق اجلاس میں نواز شریف کی نا اہلی کے بعد پارٹی کے نئے صدر کے لیئے نام اور آمدہ سینیٹ الیکشن پرمشاورت کی گئی جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا ۔
اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کے مابین ون آن ون ملاقات بھی ہوئی ۔
مشاورتی اجلاس میں سردار یعقوب ناصر کو ایک مرتبہ پھر قائم مقام پارٹی صدر بنائے جانے پر غور کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق کلثوم نواز یا شہباز شریف کے نام مستقل پارٹی صدارت کے لئے زیر غور آئے ۔ کچھ سینئر لیگی رہنماوں نے پارٹی چئیرمین راجہ ظفر الحق کو بھی قائمقام صدر بنانے کی تجویز دی ۔ .
ادھر الیکشن کمیشن نے سات یوم میں قائمقام پارٹی صدر اور 45 روز میں مستقل صدر منتخب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
اجلاس کے بعد نواز شریف نے پارٹی رہنماوں اور کارکنوں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ کے قانون سے انحراف کرتے ہوئے مجھے نااہل کیا گیا ۔ مجھے توقع تھی کہ ایسا فیصلہ آئے گا ۔
مشاورتی اجلاس میں مریم نواز، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، عابد شیر علی، پرویز رشید، آصف کرمانی، مصدق ملک ، دانیال عزیز، برجیس طاہر، شکیلہ لقمان، زیب جعفر، حنیف عباسی اور دیگر لیگی رہنما شریک ہوئے ۔