Thursday, September 19, 2024

ملک کے عدالتی نظام میں خواتین مردوں سے کوسوں پیچھے، کوئی خاتون جج سپریم کورٹ میں ججز کی کرسی تک نہ پہنچ سکی

ملک کے عدالتی نظام میں خواتین مردوں سے کوسوں پیچھے، کوئی خاتون جج سپریم کورٹ میں ججز کی کرسی تک نہ پہنچ سکی
March 8, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) یوں تو خواتین ہر شعبے میں خود کو منوا رہی ہیں مگر ملک کے عدالتی نظام میں خواتین مردوں سے کوسوں پیچھے ہیں۔ آج تک کوئی خاتون جج سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججز کی کرسی تک نہ پہنچ سکی۔ ہائیکورٹس میں بھی خواتین ججز نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ملک بھر کی ہائیکورٹس میں صرف 5 اعشاریہ 8 فیصد ججز خواتین ہیں۔ آج تک کوئی خاتون سپریم کورٹ کی جج نہ بن سکی۔ حد تو یہ ہے کہ آج تک کوئی خاتون جج کسی صوبے کے ہائیکورٹ میں بھی چیف جسٹس کے عہدے تک نہ آسکی۔ اگرچہ ججز کے حوالے سے جسٹس ریٹائرڈ ماجدہ رضوی، جسٹس ریٹائرڈ فخرالنسا اور دیگر کے نام آتے ہیں مگر انہیں قابلیت کے باوجود اعلیٰ عدالت کے جج کے طور پر نہ لایا جا سکا۔ قانونی ماہرین کہتے ہیں اگرچہ اب تک کی تاریخ میں ملکی عدالتی نظام میں خواتین ججز خال خال ہی نظر آتی ہیں مگر مستقبل میں خواتین خود کو بہترین منصف بھی ثابت کریں گی۔