Friday, September 20, 2024

مصطفیٰ کمال کی میرے متعلق باتیں من گھڑت ہیں : رحمان ملک

مصطفیٰ کمال کی میرے متعلق باتیں من گھڑت ہیں : رحمان ملک
March 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سینیٹر رحمان ملک کہتے ہیں کہ مصطفیٰ کمال کی میرے متعلق باتیں من گھڑت‘ بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ایم کیو ایم کے اعلامیے لکھوانا نہ میرا کام تھا اور نہ کبھی لکھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر رحمان ملک نے مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس میں خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ الطاف حسین سے انکی ملاقاتیں ہمیشہ صوبے اور وفاق میں اتحادی حکومت کو مستحکم کرنے اور لوکل باڈی آرڈیننس کیلئے ہوا کرتی تھیں۔ ملاقاتوں میں گورنر سندھ عشرت العباد یا فاروق ستار موجود ہوا کرتے تھے۔ بحیثیت وزیرداخلہ ایم کیو ایم یا الطاف حسین نے کبھی مجھ سے کسی کریمنل کارکن کی حمایت کا نہیں کہا۔ کبھی انکے کسی کارکن کا ”را“ سے تعلق زیربحث نہیں آیا۔ رحمان ملک کہتے ہیں مشترکہ اعلامیہ جب کبھی شائع کرنا ہوتا تو اس میں دونوں پارٹیوں کی رائے ضرور شامل ہوتی تھی۔ ایم کیو ایم کیساتھ ملاقاتوں میں ہمیشہ میں نے اپنی پارٹی کی نمائندگی اور حمایت کی۔ مصطفیٰ کمال بڑھ چڑھ کوجھوٹ بول رہے ہیں اور بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔