Friday, September 20, 2024

مصطفی کمال پاکستان واپس آ گئے

مصطفی کمال پاکستان واپس آ گئے
March 5, 2016
کراچی (92نیوز) مصطفی کمال پاکستان میں واپس آ گئے اور آج اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ کراچی کی سیاست میں جیسے بونچال آگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے اہم ترین رہنما الطاف حسین سے قربت کے لئے مشہور مصطفی کمال دو سال قبل اچانک پاکستان سے روانہ ہو گئے۔ اس سے قبل سینیٹر شپ سے استعفیٰ دیا جس پر پارٹی کی طرف سے ذاتی وجوہات کا بیان جاری کیا گیا۔ مصطفی کمال 2005ءسے 2010ءتک سٹی ناظم کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔ اردو بولنے والی بہاری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مصطفی کمال کو 2010ءمیں دنیا کے بہترین میئر کے لئے نامزد کیا گیا۔ اس سے پہلے 2003ءسے 2005ءتک انہوں نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سندھ کے طور پر بھی کام کیا۔ نائن زیرو میں ٹیلی فون آپریٹر سے سینیٹر شپ کا سفر طے کرنے والے مصطفی کمال پارٹی قائد کے ساتھ قربت کےلئے بھی مشہور تھے تاہم مصطفی کمال پارٹی قائد سے اختلافات کے باعث پاکستان سے چلے گئے۔ امریکی اخبارنے دعویٰ کیا کہ مصطفی کمال بعض معاملات پر پارٹی قائد سے اختلافات رکھتے ہیں۔ کراچی میں ترقیاتی کاموں سے شہرت پانے والے مصطفی کمال کی واپسی کا ردعمل کیا ہوگا یہ تو وقت یہ بتائے گا۔