Friday, September 20, 2024

فیض آباد دھرنا کیس، راجا ظفر الحق کمیٹی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش

فیض  آباد دھرنا کیس، راجا ظفر الحق کمیٹی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش
February 20, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں فیض آباد دھرنا کیس سے متعلق راجا ظفر الحق کمیٹی رپورٹ پیش ہو گئی ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت کی ۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ ارشد کیانی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ کل تک کا وقت دیا جائے رپورٹ پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ راجہ ظفر الحق بیرون ملک ہیں آج رپورٹ پیش نہیں کر سکتے ۔ یہ ایک سیاسی جماعت کی رپورٹ ہے ، لہذا وقت درکار ہے ۔
عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کی کل تک کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آج ایک بجے کا وقت دے دیا ۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی حکومت عدالتی احکامات پر عمل در آمد کرنے میں بالکل سنجیدہ نہیں ہے ۔ الیکشن ایکٹ مین ترمیم سے ذیادہ مسئلہ کوئی ہے ۔
عدالت کی جانب سے مسلسل نوٹسز جاری کئے جارہے ہے ۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت کے احکامات مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں وفاقی وزیر داخلہ ، وفاقی وزیر قانون اور دیگر ذمہ داران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی بھی شروع کی جا سکتی ہے ۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر ایک بجے تک رپورٹ پیش نہ کی گئی تو وزیر اعظم پاکستان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیں گے ۔ کیس کی سماعت 1 بجے تک ملتوی کر دی گئی ۔
وقفے کے بعد دوبارہ سماعت ہوئی تو ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا ارشد کیانی نے راجا ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی ۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا اس کیس کو دھرنا کیس نہ سمجھا جائے یہ کیس اب ختم نبوت سے متعلق ہے ۔ کیس روزانہ کی بنیاد پر سنا جائیگا ۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل حافظ عرفات کو حکم دیا کہ کل اپنے دلائل دیں ۔
عدالت نے ختم نبوت کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی ۔
ختم نبوت کیس میں کل ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ ارشد کیانی اور درخواست گزار کے وکیل حافظ عرفات اپنے دلائل جاری رکھیں گے ۔