فیض آباد دھرنا کیس، خادم رضوی، دیگر دھرنا قائدین کیخلاف مقدمات داخل
اسلام آباد (92 نیوز) فیض آباد پر دھرنا دینے سے متعلق مقدمات کے کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی ۔ خادم حسین رضوی اور دیگر دھرنا قائدین کیخلاف تین مقدمات کو داخل دفتر کر دیا گیا ۔
عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا پر مقدمات پر مزید کارروائی روک دی ہے۔ پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ مقدمات کی نئے سرے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد دوبارہ چالان جمع کرایا جائے گا۔
پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ نیا چالان جمع کرائے جانے تک کیس کی سماعت نہ کی جائے ۔عدالت نے پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ۔