فاروق ستار نے عامر خان گروپ سے سینیٹ کیلئے چار نام مانگ لیے
کراچی (92 نیوز) فاروق ستار نے عامر خان گروپ سے سینیٹ کیلئے چار نام مانگ لیے ۔ انہوں نے کہا کہ تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی نام دے ، وہ اعلان کر دیں گے ۔
اس حوالے سے فاروق ستار نے کہا کہ تنظیم کو متحد رکھنا چاہتے ہیں ۔ کامران ٹیسوری یا کوئی اور اُن کا مسئلہ نہیں ۔
فاروق ستار پریس کانفرنس کے دوران مسلسل اکثریت اپنے ساتھ ہونے کا دعوی کرتے رہے ۔ یہی نہیں بلکہ فاروق ستار نے دعوی کیا کہ الیکشن کمیشن کو پارٹی کی رجسٹریشن کو بدلنے کا کہا گیا مگر الیکشن کمیشن نے ایسا نہیں کیا ۔ پارٹی میرے ہی نام ہے ۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کارکنوں کو بھی واضح پیغام دیا کہ تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی کے گمراہ کن پروپیگنڈے میں نہ آئیں ۔ تنظیم کو کبھی بکھرنے نہیں دیں گے ۔
فاروق ستار کے دعوؤں کے باوجود اب بھی ایم کیو ایم پاکستان کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے ۔