Thursday, September 19, 2024

شہدائے پاکستان سے بے وفائی ملکی آئین سے غداری کے مترادف ہے: امیر جماعت اسلامی سراج الحق

شہدائے پاکستان سے بے وفائی ملکی آئین سے غداری کے مترادف ہے: امیر جماعت اسلامی سراج الحق
April 2, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پرویزرشید نےعمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تو امیرجماعت اسلامی سراج الحق حکمران جماعت ن لیگ پر برس پڑے، کہا کہ جب تک دینی جماعتیں چوکوں اور چوراہوں میں بیٹھ نہ جائیں حکومت کو ہماری بات سمجھ میں نہیں آئے گی۔ شہدائے پاکستان سے بے وفائی ملکی آئین سے غداری کے مترادف ہے۔ منصورہ میں نظام مصطفےٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس وقت ملک کو سیکولر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن جب تک ملک میں دینی جماعتیں موجود ہیں وہ ایسا نہیں ہونے دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے مغرب کے غلام حکمران اور نظام مصطفےٰ کے حامی اپنی اپنی طرف ہو جائیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں روزانہ بارہ ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے۔ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ میں سب سے بڑی رکاوٹ دینی شخصیات کے آپس کے اختلافات ہیں، اگر انہیں مٹا دیا جائے تو ملک میں نظام مصطفےٰ نافذ ہو جائے گا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ انیس سو اڑتالیس کے ریفرنڈم میں خیبرپختونخوا کے عوام نے کلمہ کی بنیاد پر بننے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے لیے ووٹ دیا تھا۔