شمالی کوریا کی فوج کا 70ویں سالگرہ پر ملٹری طاقت کا شاندار مظاہرہ
پیانگ یانگ ( 92 نیوز ) شمالی کوریا کی فوج نے اپنی سترویں سالگرہ پر ملٹری طاقت کا شاندار مظاہرہ کیا ۔ دارالحکومت پیانگ یانگ میں پریڈ کے دوان بین البراعظمی میزائلوں کو دنیا کے سامنے پیش کردیا گیا ۔
شمالی کوریا کی فوج کی ستر ویں سالگرہ ملک بھر میں پورے جوش و جذبے سے منائی گئی ۔ دارالحکومت پیانگ یانگ میں منعقدہ مرکزی تقریب میں صدر کِم جونگ اَن کے ہمراہ اُن کی اہلیہ اور چھوٹی بہن کے علاوہ اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے شرکت کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کم جونگ نے ملکی دفاعی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں کرانے کا اعلان کیا ، جس کا مقصد امریکا اور اس کے حلیفوں کے خلاف جنگ کیلئے ہردم تیار رہنا ہے۔
تقریب میں فوجی پریڈ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں چاک و چوبند اہلکاروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر جدید ترین ٹینکوں، بکتر بند گاڑیوں کے علاوہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی ۔
تقریب کے اختتام پر ملکی فضائیہ کی جانب سے فلائی پاسٹ کیا گیا ، فضا میں رنگ بکھیرتے جنگی طیاروں کے شاندار مظاہرے کو لوگوں نے خوب سراہا ۔