Friday, September 20, 2024

سولہ برس کی عمر میں کرکٹ کا آغاز کرنیوالے شاہد آفریدی چھتیس برس کے ہو گئے

سولہ برس کی عمر میں کرکٹ کا آغاز کرنیوالے شاہد آفریدی چھتیس برس کے ہو گئے
March 1, 2016
لاہور (92نیوز) لاکھوں شائقین کرکٹ کے دلوں پر راج کرنے والے شاہد آفریدی آج چھتیس ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ لالہ نے کیرئیر کا آغاز انیس سو چھیانوے میں سری لنکا کے خلاف میچ سے کیا جس کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے 16 برس کی عمر میں پاکستان کی جانب سے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا۔ 2اکتوبر 1996ءکو انہوں نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ایک ایسا ریکارڈ بنایا جس کی کسی کو امید نہ تھی۔ نوجوان کرکٹر شاہد آفریدی نے 37گیندوں پر 102رنز بنا کر ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔ ورلڈ ریکارڈ کے بعد شاہد آفریدی نے اپنے جارحانہ مزاج کی وجہ سے خوب شہرت سمیٹی اور بوم بوم کا لقب پا یا۔ کرکٹ کے دیوانوں میں مقبول شاہد آفریدی آج 36 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ بوم بوم کے نام سے مشہور شاہد آفریدی کی جارحانہ بلے بازی شائقین کھیل کے دلوں کو گرمانے کے ساتھ ساتھ انکی نبض بھی تیز کر دیتی ہے۔ آفریدی 398 ایک روزہ میچوں میں چھ سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8064 سکور کرنے کے ساتھ 395 وکٹیں لے چکے ہیں۔ بوم بوم آفریدی نے 27 ٹیسٹ کے ساتھ 92 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ شاہد آفریدی ماضی میں تو بالروں کی خوب درگت بنا چکے ہیں تاہم گزشتہ سال سے ان کا ریکارڈ انتہائی مایوس کن رہا ہے۔ شاہد آفریدی کے مداحوں نے سالگرہ پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ ساتھ ہی ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس کی بھی امیدیں لگا لی ہیں۔