Thursday, September 19, 2024

سنگین غداری کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کیلئے پرویز مشرف اکتیس مارچ کو عدالت طلب، ای سی ایل سے نام نکالنے کی استدعا مسترد

سنگین غداری کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کیلئے پرویز مشرف اکتیس مارچ کو عدالت طلب، ای سی ایل سے نام نکالنے کی استدعا مسترد
March 8, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں بیان ریکارڈ کروانے کیلئے پرویز مشرف کو 31 مارچ کو طلب کر لیا۔ بیماری کے باعث پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔ سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جسٹس مظہر عالم نے کی۔ جسٹس مظہر عالم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ آ چکا، اب مزید بحث سے عدالت کا وقت ضائع ہو گا۔ قانون کے تحت ملزم پرویز مشرف کو اب پیش ہونا چاہئے تاکہ سیکشن 342 کے تحت ان کا بیان ریکارڈ ہو سکے، ہمارے پاس اور کوئی راستہ نہیں کہ ملزم کو نوٹس دیں اور طلب کریں۔ وکیل استغاثہ اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ طریقہ کار کے مطابق سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہئے۔ خصوصی عدالت پابند ہے کہ وہ بتائے کہ سماعت کیوں ملتوی کر رہی ہے۔ پرویز مشرف کے وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی جس پر جسٹس مظہر عالم کا کہنا تھا میڈیکل رپورٹ جمع کروانے کا یہ کوئی طریقہ نہیں۔ عدالت نے بیماری کے باعث پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔ خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بیان ریکارڈ کروانے کیلئے 25مارچ کو طلب کر لیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ پرویز مشرف کا سیکشن 342 کے تحت بیان ریکارڈ کیا جائیگا۔