سندھ رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت آج ختم ہو رہی ہے
کراچی (92نیوز) سندھ رینجرز کے اضافی اختیارات کی مدت آج ختم ہو رہی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے اختیارات میں نوے روزہ توسیع کی سمری وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کو بھجوا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز کے اختیارات ایک بار پھر توسیع کے منتظر ہیں۔ سندھ رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت حاصل کردہ اختیارات کی مدت آج رات بارہ بجے ختم ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز اختیارات میں نوے روزہ توسیع کی سمری وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو بھجوا دی ہے۔ وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے اختیارات میں توسیع کی سمری وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوا دی جائےگی
جس میں رینجرز کے اختیارات میں نوے روزہ توسیع کی سفارش کی جائےگی۔ سندھ رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دہشت گردوں‘ بھتہ خورروں‘ ٹارگٹ کلرز اور اغوا کاروں کےخلاف کارروائی کا اختیار حاصل ہے۔