Thursday, September 19, 2024

زینب قتل کیس: ملزم عمران کو 4 بار سزائے موت کا حکم

زینب قتل کیس: ملزم عمران کو 4 بار سزائے موت کا حکم
February 17, 2018

لاہور (92 نیوز) زینب قتل کیس کے ملزم عمران کو عدالت نے 4 بار سزائے موت کا حکم دے دیا ۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بڑے کیس کا بڑا فیصلہ سنا دیا ۔
اغواء، زیادتی، قتل اور لاش کوڑے پر پھینکنے کے جرم میں مجرم عمران علی کو مجموعی طور پر چار مرتبہ سزائے موت، بتیس لاکھ روپے جرمانہ اور عمر قید کی سزا سنائی گئی ۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے روزانہ کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت کی ۔
مرکزی ملزم عمران علی پر بارہ فروری کو فردِ جرم عائد کی گئی اور پندرہ فروری کو عدالت نے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ۔
کوٹ لکھپت جیل میں جج سجاد احمد نے آج فیصلہ سنا دیا ۔
لاہور ہائیکورٹ نے مقدمے کی سماعت مکمل کرنے کے لئے انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کو سات دن کی مہلت دی تھی ۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے دس فروری کو مقدمے کی سماعت شروع کی ۔ کارروائی کے دوران تیس سے زیادہ افراد کے بیانات ریکارڈ کئے گئے ۔
قصور کی سات سالہ زینب چار جنوری کو لاپتہ ہوئی، اور نو جنوری کو لاش گھر کے قریب موجود کوڑے کے ڈھیر سے ملی ۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق زینب کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی ۔ زینب کی لاش ملنے کے بعد قصور سمیت ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ اور پھر چیف جسٹس آف پاکستان نے معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا ۔