Thursday, September 19, 2024

راہ چلتے موبائل استعمال کریں‘ ٹکر نہیں ہو گی ‘ حیرت انگیز نظام ایجاد

راہ چلتے موبائل استعمال کریں‘ ٹکر نہیں ہو گی ‘ حیرت انگیز نظام ایجاد
March 8, 2016
ہالینڈ (ویب ڈیسک) اب آپ کو راہ چلتے موبائل استعمال کرتے ہوئے کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور نہ ہی آپ کو اپنے موبائل کی سکرین سے نظریں ہٹا کر ادھر ادھر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ہو گئے نا حیران۔ جی ہاں ایسا ممکن ہو گیا ہے کیونکہ اربن پیری سکوپ کیس آپ کو اس قابل بناتا ہے کہ آپ راہ چلتے نہ صرف موبائل استعمال کر سکتے ہیں بلکہ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کی راہ میں کوئی آ تو نہیں رہا۔ اس نظام کی مدد سے کسی سے ٹکرانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اربن پیری اسکوپ نامی ایک سادہ نظام سمارٹ فون پر نصب ہو کر 90 درجے کے زاویے پر دکھاتا ہے اور اس کے ذریعے آپ گردن اٹھائے بغیر سامنے کے مناظر دیکھ سکتے ہیں۔ پیری سکوپ کے ذریعے آپ ناک کی سیدھ میں دیکھتے ہوئے سڑک پر چلتے وقت اپنا فون استعمال کر سکتے ہیں اور خود کو کسی ٹکر سے بچا سکتے ہیں۔ اربن پیری اسکوپ پلاسٹک کیس سے بنایا گیا ہے اس کیلئے کراﺅڈ فنڈنگ پر پانچ ہزار ڈالر چندے کی اپیل کی گئی تھی جبکہ اب تک اسے کہیں زیادہ اٹھارہ ہزار ڈالر رقم جمع ہو چکی ہے۔ پیری سکوپ سمارٹ فون کی پشت سے جڑ کر ایک شیشے کی طرح کام کرتا ہے جو سامنے کا منظر دکھاتا ہے لیکن عجیب بات یہ ہے کہ یہ صرف آئی فون 6 کیلئے ہی تیار کیا جا رہا ہے جس کی تاریخ اور قیمت کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا جا رہا۔ اسے نظام کو تیار کرنے والی فرم کا کہنا ہے کہ اسے گاڑی چلاتے وقت بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔