Friday, September 20, 2024

دنیا نومولود بچوں کو بچانے میں ناکام ہورہی ہے، یونیسف

دنیا نومولود بچوں کو بچانے میں ناکام ہورہی ہے، یونیسف
February 20, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز )  یونیسف کے مطابق دنیا  نومولود بچوں کو بچانے میں ناکام ہورہی ہے ، یونیسف کی رپورٹ میں بچوں کی شرح اموات کے لحاظ سے پاکستان کو بدترین ملک قرار دے دیا گیا، جہاں 2016 میں دو لاکھ 48 ہزار بچے ایک ماہ کی عمر تک بھی نہیں پہنچ سکے ۔

یونیسف کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں روزانہ 7 ہزار نومولود بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔  رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد سالانہ 26 لاکھ تک جا پہنچتی ہے، جن میں پیدائش کے پہلے ہی روز زندگی کی بازی ہارنے والے دس لاکھ بچے بھی شامل ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان، افغانستان اور افریقہ کے وسطی ممالک دنیا کے بدترین ممالک  میں نوزائیدہ بچوں کے زندہ رہنے کے امکانات سب سے کم ہیں ۔

پاکستان میں ہر بائيس ميں سے ايک بچہ ايک ماہ کی عمر کو پہنچنے سے قبل ہی دنیا سے چلا جاتا ہے، یہاں دو ہزار سولہ کے دوران کل دو لاکھ اڑتالیس ہزار بچے زندگی سے محروم ہوئے ۔

رپورٹ کے مطابق جاپان، سنگاپور اور آئس لینڈ میں صورتحال انتہائی بہتر ہے ، جہاں نومولود بچوں کی شرح اموات کافی کم ہے ۔

یونیسف کے مطابق بچوں کی اموات کی ایک بڑی وجہ طبی سہولیات کا فقدان ہے ، لیکن اس شرح میں کچھ بنیادی اقدامات کرکے کمی کی جاسکتی ہے  ۔