حیدرآباد : مسافر بس کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی‘ 12 افراد جاں بحق‘ 35 زخمی
حیدرآباد (92نیوز) انڈس ہائی وے پر پٹارو کے قریب ڈیرہ اسماعیل خان سے کراچی جانے والی بس کھڑے ٹرک سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں بارہ مسافر جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق انڈس ہائی وے پر پٹارو کے قریب ڈیرہ اسماعیل خان سے کراچی جانے والی مسافر بس کھڑے ہوئے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 12 مسافر جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال جامشورو منتقل کیا گیا جہاں سے 18 شدید زخمیوں کو سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو بس کاٹ کر نکالا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا تاہم وہ بھی جانبر نہ ہو سکا۔ سول ہسپتال حیدرآباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔