برلن ٹیکنالوجی شو میں خم دار سکرین والا دنیا کا تیزترین لیپ ٹاپ متعارف
برلن (ویب ڈیسک) مشہور تائیوانی ٹیکنالوجی کمپنی ایسر نے خم دار سکرین والا دنیا کا تیز ترین لیپ ٹاپ متعارف کروانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مذکورہ لیپ ٹاپ کی سکرین کا خم آنکھوں کے خم کی طرح قدرتی ہے جس سے زیادہ بڑا منظر دیکھنے کو ملتا ہے۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے صارفین کو اس لیپ ٹاپ پر گیمنگ کا زبردست تجربہ ملے گا۔ اس کی سکرین میں بہت زیادہ گہرائی محسوس ہوتی ہے اور کسی بھی منظر کی باریکیوں کو باآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے برلن میں منعقدہ ٹیکنالوجی شو میں سام سنگ، لینووو، ڈی جی آئی اور سونی جیسی کمپنیاں اپنی نئی مصنوعات متعارف کرانے کیلئے پرتول رہی ہیں مگر فی الحال میلہ ایسر نے لوٹ لیا ہے۔
ایسر کی نوٹ بک کی سکرین معمول سے بڑی اور 21 انچ لمبی ہے۔ کمپنی نے اسے اپنی طرز کی پہلی سکرین قرار دیا ہے۔ قبل ازیں خم دار سکرین کا سینماﺅں میں بڑے پیمانے پر استعمال ہو رہا ہے اور پہلی بار اس طرز کا ٹی وی تین سال قبل مارکیٹ میں آیا تھا۔