برازیلین منشیات کنگ نے اپنے قید خانے کو پرتعیش رہائشگاہ میں تبدیل کر لیا
سان لورینزو (ویب ڈیسک) پیراگوئے کا شاہانہ قیدخانہ دنیا کے سامنے ظاہر ہو گیا۔ تین کمروں پر مشتمل نام نہاد قید خانے میں کانفرنس روم، پلازما سکرین ٹی وی‘ لائبریری اور کچن کی سہولت موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی امریکا کے ملک پیراگوئے میں پولیس نے جب جیل میں قید ایک منشیات فروش کے قید خانے پر چھاپہ مارا تو دیکھا کہ وہ ایک شاہانہ زندگی گزار رہا تھا۔
اس قیدخانے میں برازیل کامنشیات فروش جاروس پاواو¿ قید تھا اور اب اس کے اندرونی حصے کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ قیدخانے میں ایئرکنڈیشنر کی سہولت، آرام دہ فرنیچر، کمرے کے ساتھ منسلک باتھ روم اور ڈی وی ڈیز کا ذخیرہ بھی موجود تھا۔ ڈی وی ڈیز میں ایک کولمبین منشیات فروش کی زندگی پر بنائی گئی ایک ٹی وی سیریل بھی شامل تھی۔
پولیس نے جاروس پاواو کو ٹاکمبو کی خصوصی جیل میں منتقل کر دیا ہے اور پاواو¿ کی جیل کو شاہانہ انداز میں تبدیل کرنے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس آرام دہ جیل میں قیام کے لیے پاواو¿ کو پانچ ہزار ڈالر فیس ایک بار اور ہفتہ وار کرایہ چھ سوڈالر ادا کرنا ہوتا تھا۔