Saturday, September 21, 2024

این اے 249کا ضمنی الیکشن ، مفتاح ، مصطفی کمال ،فیاض قائمخانی نے کاغذات جمع کرا دیے

این اے 249کا ضمنی الیکشن ، مفتاح ، مصطفی کمال ،فیاض قائمخانی نے کاغذات جمع کرا دیے
March 16, 2021

کراچی ( 92 نیوز) این اے 249 کے ضمنی انتخاب کیلئے مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل ، پاک سر زمین پارٹی کے مصطفی کمال اور ایم کیو ایم پاکستان کے فیاض قائم خانی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 پر ضمنی انتخاب کیلئے میدان سج گیا،پی ایس پی کے  سربراہ مصطفی کمال نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے ، کہا کہ  کراچی کی محرومیاں بڑ ھ  رہی ہیں مسائل کا حل صرف ہمارے پاس ہے، شہر کے مسائل ان سے زیادہ کوئی نہیں جانتا، پارلیمنٹ میں موجود لوگ مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا ئے ، میڈیا سے گفتگو میں کہا پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں  سے انتخابی اتحاد کے لئے بات کی جائے گی، موجودہ حکومت نے مہنگائی کی ہے ادویات سے لے کر اشیاء خوردونوش تک کی قیمتوںمیں اضافہ ہوا ہے ، اب یہ حکومت جانیوالی ہے ۔

این اے 249 پر ضمنی الیکشن کے لئے ایم کیوایم پاکستان  کے حافظ محمد مرسلین اورفیاض قائم خانی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ مجموعی طور پر اب تک آٹھ سے زائد امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراچکے ہیں جن میں مسلم لیگ ن کے ایک، پی ایس پی  کے تین ، ایم کیوایم کےدو ، سنی تحریک اوراے این پی کا  ایک ایک امیدوار شامل ہے۔

این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات  نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری روز ہے جبکہ پولنگ  29 اپریل کو ہوگی۔