Thursday, September 19, 2024

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی
August 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی متفرق درخواست پر واجد ضیاء کا آج بیان قلمبند کرنے کی استدعا مسترد کر دی ۔ عدالت نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت کے جج ملک ارشد نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کیس کی سماعت کی ۔نیب پراسیکیوٹر واثق ملک اور خواجہ حارث کے معاون وکیل ظافر خان عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالتی ریمارکس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی مہلت میں کم وقت رہ گیا ۔ آئندہ سماعت سے واجد ضیا پر جرح کا آغاز ہو گا جبکہ تفتیشی افسر کا بیان بھی ریکارڈ کرایا جائے ۔آج نوازشریف کو اڈیالہ جیل سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت لایا گیا ۔ ن لیگی رہنما پرویز رشید، بیرسٹر ظفراللہ، سعدیہ عباسی، چوہدری تنویر اور طارق  فاطمی کو احتساب عدالت جانے کی اجازت دی گئی ۔اس موقع پر پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ احتساب عدالت کو چاروں طرف سے خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا تھا ۔ میڈیا نمائندگان کو موبائل فون احاطہ عدالت میں لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی طرف سے احتساب عدالت میں متفرق درخواست بھی دائر کی گئی جس میں واجد ضیاء کا آج فلیگ شپ ریفرنس میں بیان قلمبند کرنے کی استدعا کی گئی جسے مسترد کر دیا گیا ۔ واجد ضیاء اور العزیزیہ ریفرنس کے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر طلب کی گیا ہے ۔