اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز ، مریم اور صفدر کی ضمانتوں کے معاملے پر سماعت آج ہوگی
اسلام آباد ( 92 نیوز ) نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانتوں کے معاملے پر اسلام اباد ہائی کورٹ میں آج اہم سماعت ہو گی ۔
جسٹس عامر فاروق ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژنل بینچ کیس کی سماعت کرے گا ، نیب نے سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں قانونی ٹیم تشکیل دے دی ہے ، نیب کی ٹیم عدالتی معاونت کے لیے پیش ہوگی ۔
ذرائع کے مطابق نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث دلائل دیں گے جب کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے وکیل امجد پرویز دلائل دیں گے ۔
مجرموں نے اپیلوں پر فیصلہ آنے تک ضمانت پر رہائی کی استدعا کر رکھی ہے ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے کل تک نیب سے جواب بھی طلب کر رکھا ہے ۔
العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی دوسری عدالت میں منتقلی سے متعلق کیس پر بھی نواز شریف کی درخواست پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی ۔ اس کیس کی سماعت بھی جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈوثزنل بینچ کرے گا ۔