Thursday, September 19, 2024

آصف زرداری ، بلاول سمیت 250ارکان نے قومی اسمبلی کی رجسٹریشن کرالی

آصف زرداری ، بلاول سمیت 250ارکان نے قومی اسمبلی کی رجسٹریشن کرالی
August 12, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سمیت 250 ارکان نے  قومی اسمبلی کی رجسٹریشن کرالی ۔شہبازشریف کو ووٹ دینے کے سوال پر بلاول بھٹو زرداری  نے جواب دینے سے انکار کردیا۔ قومی اسمبلی میں حلف برداری سے پہلے رجسٹریشن کا مرحلہ آج مکمل نہ ہوسکا ،  250 نومنتخب ارکان نے اپنی رجسٹریشن کرالی  ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے سہولت سینٹر میں اپنی رجسٹریشن کرائی۔ پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے والد آصف علی زرداری کے ہمراہ سہولت سنٹر پہنچے تو خاصے خوش وخرم اورپرجوش دکھائی دیئے۔ پی پی پی کے شریک چیئرمین سے صحافی نے سوال پوچھا کیا اپوزیشن متحد ہو پائے گی؟، تو آصف زرداری نے کہ آپ ہمارے ساتھ رہا کریں  ، سب معلوم ہو جائے گا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پوچھا گیا   آپ ایوان میں شہباز شریف کو ووٹ کیسے دینگے؟، تو نو وارد ایم این اے  نے چپ سی سادھ لی۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی صاحبزادی نفیسہ شاہ ، شاہ زین بگٹی ، مراد سعید ،شازیہ مری ، عامرڈوگر ،عامرمحمودکیانی  سمیت دیگر ارکان نے سہولت سنٹر میں اپنی رجسٹریشن کرائی۔ نومنتخب اراکین اسمبلی نے رجسٹریشن کے علاوہ تصاویر بھی بنوائی جو بعد ازاں قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔